کلیان داس مندر راولپنڈی شہر کے تاریخی ماضی کا گواہ

Published On 23 August,2020 06:18 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں آج بھی ایسے مندر موجود ہیں جو شہر کی تاریخ کا پتا دیتے ہیں تو قدیم فن تعمیر کا بہترین نمونہ بھی ہیں۔ انیسیویں صدی میں تعمیر ہونے والا کلیان داس مندر آج بھی شہر کے تاریخی ماضی کا گواہ ہے۔

کوہاٹی بازارسے گزر ہو تو گورنمنٹ قندیل سیکنڈری سکول کی چمچماتی عمارت نظر آتی ہے لیکن اس میں اور کون سا تاریخی ورثہ موجود ہے؟ کم ہی لوگ جانتے ہیں۔ عمارت کے صحن میں کلیان داس مندر انیسویں صدی کی تعمیرات کا نادر نمونہ ہے۔

سو سے زائد کمرے، سنگ مرمر کی سیڑھیاں، تالاب، قیمتی لکڑی سے بنے دروازے اور دیواروں پر نقش نگاری۔ یہ مندر اب سکڑ کر ایک کمرے تک محدود ہو چکا ہے تو خوبصورتی ماضی کا قصہ بن گئی ہے۔

1958ء میں مندر کے اطراف نابینا بچوں کا سکول بنا دیا گیا تھا۔ یوں بصارت سے محروم افراد اب اس قیمتی ورثے کے رکھوالے ہیں۔ راولپنڈی کا یہ تاریخی مندر صدیوں کی کہانی بیان کرتا ہے تو اس کی اہمیت آج بھی کم نہ ہوئی۔ عبادت کے لیے آنے والے نہ رہے تو کلیان داس مندر کے احاطے سے اب علم کی روشنی پھیل رہی ہے۔

 

Advertisement