کراچی میں ضلع کیماڑی کی تشکیل نا منظور، پاکستان تحریک انصاف عدالت پہنچ گئی

Published On 24 August,2020 01:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ضلع کیماڑی کی تشکیل کے خلاف پاکستان تحریک انصاف عدالت پہنچ گئی۔ رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے سندھ ہائیکوٹ میں درخواست دائر کر دی۔

 رکن قومی اسمبلی پی ٹی آئی عمر لیاقت حسین نے درخواست میں موقف اپنایا کہ اگر سندھ تقسیم نہیں ہوسکتا تو کراچی بھی تقسیم نہیں ہوسکتا، ضلع کیماڑی کی تشکیل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے، آئینی درخواست کو وزیراعظم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

عامر لیاقت کی آئینی درخواست کی سماعت 26 اگست کو ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ کہتے مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں، ہم کہتے ہیں مرسوں مرسوں کراچی نہ ڈیسوں۔

 خیال رہے کچھ روز قبل سندھ حکومت نے کابینہ اجلاس میں کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دی تھی۔ کیماڑی ضلع میں سائٹ، بلدیہ، ہاربر، ماڑی پور کے علاقے شامل ہونگے۔ ضلع غربی سندھ کا سب سے بڑا ضلع ہے۔ اس وقت ضلع غربی میں 7 سب ڈویژنز ہیں۔