'سستی بجلی ملکی ترقی کیلئے ضروری، آئی پی پیز سے نئے معاہدوں سے سرکلر ڈیٹ کم ہوگا'

Published On 24 August,2020 02:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ماضی کی چیزوں کو درست کر رہے ہیں، آئی پی پیز سے نئے معاہدوں سے سرکلر ڈیٹ کم ہوگا، سستی بجلی ملک کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔

شفقت محمود نے لاہور میں غازی روڈ پر 220 کے وی گرڈ سٹیشن کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے کہا سستی بجلی کی پیداوار کیلئے ڈیمز بنائے جا رہے ہیں، ڈیموں کی تعمیر سے سستی بجلی پیدا ہوگی، ڈیموں کا مقصد پانی کو محفوظ اور بجلی پیدا کرنا ہے، بجلی کے معاہدوں میں قومی مفاد کوسامنے نہیں رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا 90 کی دہائی میں کئے گئے معاہدوں سے 25 سال تک ہمارے گلے میں طوق پڑگیا، جب حکومت سنبھالی تو 15 سو ارب روپے سرکلر ڈیٹ ورثے میں ملا۔

افتتاحی تقریب میں ایم ڈی این ٹی ڈی سی ڈاکٹر خواجہ رفعت، چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر وجاہت سعید رانا سمیت نیسپاک اور این ٹی ڈی سی کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔ خواجہ رفعت حسین اور مجاہد پرویز چٹھہ نے بتایا کہ گرڈ سٹیشن کی تعمیر سے شہر میں کم وولٹیج کے مسائل حل ہوں گے۔

این ٹی ڈی سی انتظامیہ کے مطابق غازی گرڈ سٹیشن منصوبہ پر 5 ارب 66 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ فنڈز کا بڑا حصہ کے ایف ڈبلیو بنک جرمنی جبکہ بقیہ لاگت این ٹی ڈی سی نے اپنے وسائل سے فراہم کی۔ 220 کے وی گرڈ سٹیشن کی مکمل استعداد 750 ایم وی اے ہے۔