لاہور: (دنیا نیوز) وزیر تعلیم سکول مراد راس کا کہنا ہے کہ سکول کھولنے سے پہلے اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ لازمی ہوگا، بغیر ماسک بچے سکول نہیں آسکتے، ماسک بچہ گھر سے پہن کر آئے گا، چوتھی جماعت کے بچوں کو سکول بلانے کا حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہوگا۔
وزیر تعلیم سکول مراد راس نے سکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز بتا د ئیے۔ قائد اعظم اکیڈمی وحدت روڈ پر پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بچوں کا ماسک پہنا لازمی، ماسک گھر سے لیکر آنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن سکولوں میں اساتذہ زیادہ تھے ان کے تبادلے کر کے ایسے سکولوں میں بھیج دیا گیا ہے جہاں اساتذہ کی کمی تھی، یہ تبادلے واپس نہیں ہونگے۔
ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ ماسک اور کورونا سے متعلق دیگر سامان کی خریداری کے لیے 7 ارب روپے چاہئیں جو حکومت خرچ نہیں کرسکتی۔ انہوںنے کہا وفاقی ہاؤسنگ سکیم سے اساتذہ بھی مستفید ہوسکتے ہیں، ستمبر میں بھی نجی سکول طلبہ کو فیسوں میں بیس فیصد رعایت دینگے۔