راولپنڈی: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف پر حکومت کو شکست نہیں، اپوزیشن بے نقاب ہوئی، کابینہ کا فیصلہ ہے نواز شریف کو واپس لایا جائے، کابینہ کے فیصلے کیساتھ کھڑا ہوں۔
وویمن کالج کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی اصل حقیقت یہ ہے ان پر فضل الرحمان بھی اعتبار نہیں کرتا، اپوزیشن کا صرف ایک مطالبہ ہے، نیب ختم کر دو۔ انہوں نے کہا میرے خیال میں نواز شریف واپس نہیں آئیں گے، ابھی تک ہمارا قیدیوں کی واپسی کیلئے برطانیہ سے معاہدہ نہیں ہے، عمران خان جس کام کے پیچھے لگ جائے وہ پورا کر کے رہتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ کل کی شہباز شریف سے ملاقات میں فضل الرحمان نے بہت چھبے ہوئے سوال کیے، فضل الرحمان نے ان پر عدم اعتماد کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں ترقیاتی منصوبے کیلئے فائل کا پیچھا کرنا پڑتا ہے، ایسا نظام ہے جس کے پاس فائل جاتی ہے وہ چھاؤنی ڈال کر بیٹھ جاتا ہے، ہم نے فائلوں کا پیچھا کیا جہاں فائل پہنچی ہم وہاں پہنچ گئے۔
کراچی میں بارش کی صورتحال پر شیخ رشید نے کہا کراچی میں لوگ خون کے آنسو رو رہے ہیں، کراچی اور لاہور ڈوبا ہوا ہے، لوگ ارکان اسمبلی کو گالیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا 70 ارب روپے نالہ لئی پر خرچ کرنے جا رہے ہیں، بزدار صاحب کا مشکور ہوں نالہ لئی کو ترجیح دی، نالہ لئی کے دونوں اطراف سڑکیں بنانے جا رہے ہیں، نالہ لئی کے اطراف 8 منزلہ پلازے بنانے کی اجازت دیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کورونا وائرس کے دوران موت کے منہ سے واپس آیا، جتنی اللہ نے ہمت دی ہم نے کام کیا، ماں و بچہ ہسپتال 70 فیصد بن گیا، جس ہسپتال میں بینظیر شہید ہوئی اس پر انہوں نے ایک روپیہ نہیں لگایا، ایم ایل ون کے ٹینڈر 5 دن تاخیر سے لگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا جہاں جاتا ہوں نقشہ چوری کر لیتا ہوں، 14 آپریشن تھیٹرز کا نقشہ مانچسٹر کے ہسپتال سے چوری کر کے لایا، دنیا کی بڑی یونیورسٹیاں دیکھیں، وسائل نہیں تھے کہ تعلیم حاصل کرسکتا، میں ان یونیورسٹیوں میں مزدوری کرتا، کارپٹ کا کام کرتا تھا۔
شیخ رشید نے مزید کہا ایم ایل ون پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکر گزار ہوں، 31 اگست تک ایم ایل ون کا ٹینڈر لگ جائے گا، 1886 کے بعد اب 150 سال بعد ریلوے ٹریک تبدیل ہونے جا رہا ہے، شہر میں ایک مزید یونیورسٹی بنانا چاہتا ہوں، حالات ٹھیک ہوئے تو ایک انٹرنیشنل یونیورسٹی بناؤں گا، ہم نے سیاسی طور پر بدمعاشوں کی گردنیں اڑا دی ہیں، سابق حکومتوں نے ریلوے کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا۔