اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایم ایل ون ریلوے منصوبے سے پاکستان اور چین کےدرمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔
آج اسلام آباد میں چینی سفیر یاؤ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب پہلا قدم ہے، اس سے ملک میں اقتصادی ترقی بھی آئے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی اور پشاور کے درمیان 6 ارب 80 کروڑ ڈالر کی لاگت سے ایک ہزار 872 کلومیٹر طویل نیا ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔ اس منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ افراد کو بالواسطہ یا بلا واسطہ روزگار میسر آئے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون پاکستانی عوام کے لئے ایک بڑا منصوبہ ہے جو ملک میں سفری سہولتوں کے حوالے سے انقلاب برپا کرے گا۔ انہوں نے کورونا وائرس پرجلد قابو پانے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی۔
بعد ازاں چین کے سفیر یاؤجنگ کا سی پیک سے متعلق ویبینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گوادر صرف ایک بندرگاہ نہیں، علاقائی تجارت کا مرکز بنے گی۔ حکومت کی جانب سے ٹیکس میں چھوٹ دینے پر شکر گزار ہیں۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت تمام فریقین نے سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ چینی کی حکومت اور کمپنیوں نے مقامی شراکت داروں کے ساتھ بہت سی معاشی سرگرمیاں شروع کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کی حکومت گوادر کی ترقی کے لیے تمام وسائل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ چین پورے بلوچستان کی ترقی میں تعاون کرنا چاہتا ہے۔ بلوچستان میں زرعی ترقی میں تعاون کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔