اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی جان لینے کی کوشش کی گئی، حکومت دنیا کو گمراہ کر رہی ہے، یہ کہتے ہیں نواز شریف جھوٹ بول کر گئے، اگر ایسا ہے تو وزرا کیخلاف ایکشن لیں۔
لیگی رہنما و سینیٹر مشاہد اللہ خان نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اگر کوئی کہتا ہے میں بیمار ہوں اس کا مذاق مت اڑائیں، آپ اگر کہتے ہیں کہ نواز شریف ہمیں دھوکا دیکر چلے گئے تو آپ اپنا مذاق اڑاتے ہو، کہا گیا نواز شریف سیڑھیاں چڑھ کر چلے گئے پوری دنیا نے دیکھا وہ ایمبو لفٹر پر گئے، عمران خان کہتے ہیں انہیں رحم آگیا تھا وہ رحم تھوڑی دیر کیلئے آیا تھا۔
کراچی کی صورتحال پر مشاہد اللہ کا کہنا تھا کراچی ڈوب چکا ہے، کراچی کے لوگ پریشان ہیں، ان کو دادرسی کی ضرورت ہے، سب سے پہلے کراچی کے عوام کی دادرسی وہاں سے منتخب نمائندوں کو کرنی چاہیے، پی ٹی آئی کے کراچی سے 14 اراکین قومی اسمبلی ہیں۔