اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی وزارت داخلہ نے نو اور دس محرم کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔ 29 اور 30 اگست کو یوم عاشور کی چھٹی ہوگی۔ ہفتہ اور اتوار کو ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ وزارت داخلہ نے با ضابطہ طور پر نو ٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سرکاری تعطیلات کے دوران تمام نجی و سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
دوسری جانب لاہور پولیس نے 9 ویں اور 10 ویں محرم کے لیے سخت سکیورٹی پلان مرتب کر لیا۔ شہر میں 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔ جلوس کے روٹ کو خاردار تاروں، بیرئیرز اور عارضی قناتیں لگا کر محفوظ بنایا جائے گا۔ روٹ کے راستوں پر کرایہ داروں اور ہوسٹلز میں رہائش پذیر افراد کے کوائف چیک کرنے کے ساتھ ساتھ شورٹی بانڈز لیے جائیں گے۔
سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے شہر میں ڈبل سواری پر پابندی، جلوس کے روٹ پر موبائل و انٹرنیٹ سروس کی بندش اور دیگر انتظامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 6 ڈی ایس پی، 72 انسپکٹرز، 121 پٹرولنگ افسران اور 1390 وارڈنز تعینات ہونگے۔
خیال رہے نیا اسلامی سال اور ماہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں شہدا کربلا کی یاد میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، وفاقی و صوبائی حکومتوں نے امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔