این سی او سی میں اجلاس، تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولا جائے: شرکاء کی تجویز

Published On 27 August,2020 12:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس ہوا جس میں شرکاء نے تجویز دی کہ تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولا جائے۔

این سی او سی اجلاس میں کورونا کی ملکی و عالمی سطح پر صورتحال سے آگاہ کیا گیا جبکہ تعلیمی ادارے کھولنے کے بعد بچوں کو درپیش خطرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ بڑی سے چھوٹی کلاسز مرحلہ وار کھولی جائیں، پہلے یونیورسٹی پھر کالج اور بعد میں سکول کھولے جائیں، تعلیمی اداروں میں زیادہ ہجوم والی سرگرمیوں سے گریز کیا جائے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا تعلیمی ادارے کھولنے کے بعد ایس او پیز پر عمل درآمد چیلنج ہوگا، حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں ہوگا۔

 خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 638 ہوگئی۔ مہلک وائرس نے 6 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 274 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 445 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 96 ہزار 540، سندھ میں ایک لاکھ 28 ہزار 877، خیبر پختونخوا میں 35 ہزار 893، بلوچستان میں 12 ہزار 721، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 773، اسلام آباد میں 15 ہزار 562 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 272 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 25 لاکھ 35 ہزار 778 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار 441 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 79 ہزار 561 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 641 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 274 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 193، سندھ میں 2 ہزار 388، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 249، اسلام آباد میں 175، بلوچستان میں 141، گلگت بلتستان میں 67 اور آزاد کشمیر میں 61 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔