اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گلوبل فنڈ کا خط عمران خان کی نا اہلی اور بدانتظامی کا ثبوت ہے، ایڈیشنل سیف گارڈ پالیسی اختیار کرنے کا مطلب حکومتی ساکھ ختم ہونا ہے، عالمی ادارے نے اقدام سیاسی عدم استحکام اور ناکام حکومت کی وجہ سے کیا۔
ترجمان مسلم لگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گلوبل فنڈ کا بیماریوں پر قابو پانے کے لئے فنڈز کی نگرانی خود کرنے کا اقدام عمران خان پر عدم اعتماد ہے، گلوبل فنڈ نے یہ اقدام سنجیدہ معاملات میں مجرمانہ لاپرواہی برتی جانے پر کیا ہے، عالمی تنظیم نے یہ اقدام عوام کا فیصلہ سازی میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے کیا ہے، عالمی تنظیم ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے خاتمے کے لئے مزید 30 کروڑ ڈالر گرانٹ اپنی نگرانی میں خود خرچ کرے گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے پولیو کے معاملے میں بھی غیر سنجیدگی، بد ترین نالائقی کا مظاہرہ کیا گیا، پاکستان میں پولیو کم ہونے کے بجائے عمران خان کے دور میں ریکارڈ تعداد میں بڑھا ہے، ڈینگی سے لے کر کورونا تک عمران خان کی نالائقی، نا اہلی ہر سمت عیاں ہے، وفاق کی عدم دلچسپی اور کردار کی وجہ سے صوبوں میں صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں، عالمی تنظیم نے واضح کہا ہے کہ اہم پہلووں پر حکومت توجہ نہیں دے رہی، یہ ایک لمحہ فکریہ اور تشویشناک ہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا مہلک بیماریوں کی روک تھام پر توجہ نہ ہونا قومی صحت کو خطرے سے دوچار کرنا ہے، ایچ آئی وی اور ٹی بی کے لئے فنڈنگ کی نئی درخواستوں پر بھی تشویش ہے، یہ بیماریوں کے پھیلاو کا اشارہ ہے، یہ خط ثبوت ہے مطلوبہ وسائل متعلقہ پروگراموں پر درست طور پر خرچ نہیں ہو رہے۔