لاہور: (دنیا نیوز) راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ منصوبے کا 15 ستمبر کو باضابطہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان مہمان خصوصی ہونگے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، مشیر وزیراعظم بیرسٹر شہزاد اکبر، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر، چیئرمین راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ راشد عزیز اور سینیئر سرکاری افسران شریک تھے۔
چیئرمین راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ نے اجلاس کو منصوبے کی ٹائم لائنز، منصوبے میں بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کی گہری دلچسپی، انفراسٹرکچر کے حوالے سے ریگولیشن اور تنظیمی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان نے منصوبے کی تکمیل میں اعلیٰ بین الاقوامی تعمیراتی معیار، ماحول کے تحفظ، لاہور میں پانی کی کمی اور آبی آلودگی کے مستقل حل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں حکومتی اقدامات کی بدولت تعمیرات کے شعبے کو حوصلہ افزاء فروغ حاصل ہوا ہے۔
وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کی منصوبے میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور کے رہائشیوں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لئے یہ منصوبہ ایک شاہکار ہوگا۔
عمران خان نے منصوبے کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پر کرنے اور اس ضمن میں کسی بھی انتظامی رکاوٹ کو فوری دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کو منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔