کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کو مشترکہ مشاورت سے حتمی شکل دی جائے: وزیراعظم

Published On 31 August,2020 02:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےعوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے "کراچی ٹرانسفارمیشن پلان" کو حتمی شکل دی جائے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان" پر اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، گورنر سندھ عمران اسمعیل، چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹنٹ جنرل محمد افضل شریک ہوئے۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے وزیرِ اعظم کو "کراچی ٹرانسفارمیشن پلان" پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ"کراچی ٹرانسفارمیشن پلان" کراچی کی ترقیاتی ضروریات کو مد نظر رکھ کر تشکیل دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے۔ کراچی میں سالہا سال سے درپیش عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے، کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لئے وفاق اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے رواں ہفتے "کراچی ٹرانسفارمیشن پلان" کو حتمی شکل دی جائے تا کہ اس کی باقاعدہ منظوری اور عمل درآمد کا کام شروع کیا جا سکے۔
 

Advertisement