بجلی کی مسلسل بندش: کلفٹن بلاک 8 کے مکینوں کا روڈ بلاک کر کے احتجاج

Published On 31 August,2020 10:56 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں چار روز پہلے ہونے والی بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی تاحال بحال نہ ہوسکی، کلفٹن میں بلاک 8 کے مکینوں نے بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا۔

کلفٹن بلاک 8 میں بجلی کی مسلسل بندش پر علاقہ مکین سڑکوں پر آگئے۔ احتجاج میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، مظاہرین نے سڑک بلاک کر دی، ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ چار روز سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، بجلی فوری بحال کی جائے، چار روز پہلے ہونے والی بارش کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں کی بجلی تاحال بحال نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون سیزن کے آج سے ساتویں سپیل کی بھی پیش گوئی کر دی۔ موسم کی خبر دینے والوں نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ شہر قائد میں اب تک اگست کی بارش کا 89 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ایڈوائزری بھی جاری کر دی۔ مون سون ہوائیں مشرقی سندھ میں داخل ہوگئیں، مون سون کا ساتواں سپیل پیر کی شب تک جاری رہے گا جس کے نتیجے میں کراچی میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
 

Advertisement