کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے دس ہزار ملین ڈالر چاہئیں: ناصر حسین شاہ

Published On 29 August,2020 10:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں بہت کام ہوا ہے لیکن بہت زیادہ ابھی ضرورت ہے۔ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے دس ہزار ملین ڈالر (دس ارب ڈالر) چاہئیں۔۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’سوال عوام کا‘ کے میزبان مسعود رضا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ شاہراہ فیصل پرپہلے بارش ہوتی تھی بند ہوجاتی تھی۔ شاہراہ فیصل پرکام کیا ہے تواب زیادہ دیرپانی نہیں رہتا۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کام کرنا چاہتے ہیں کچھ اسٹے آرڈرکی شکل میں بھی رکاوٹیں آجاتی ہے۔ بہت سارے علاقوں میں ترقیاتی کام کروائے گئے۔ کراچی کے پراجیکٹ کومکمل کریں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جتنے مسائل اس کے لیے بہت زیادہ وسائل چاہئیں۔ وزیراعظم عمران خان کوبھی اس بات کا احساس ہے۔ ورلڈبینک سے کراچی کے لیے ہی قرض لیا گیا ہے۔ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے دس ہزار ملین ڈالر چاہئیں۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کی طرف سے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے دس ہزار ملین ڈالر کی بات سن کرہنسی آرہی ہے۔ سندھ حکومت کوپیسہ چاہیے ’’مال کھپے‘‘۔

رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ سکھر، نوابشاہ، لاڑکانہ نے ان کو ووٹ دیا وہاں کونسی دودھ کی نہریں بہہ رہی ہے، شہر قائد کے اربوں روپے سے کہتے ہیں شاہراہ فیصل بنائی، ماس ٹرانزٹ منصوبہ ابھی تک مکمل نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ 12 سالوں میں سیوریج کا نظام ٹھیک نہیں کرسکے، صوبائی حکومت سیف سٹی پراجیکٹ مکمل نہیں کرسکی، سندھ حکومت کی نالائقیوں پرپوری کتاب لکھ سکتا ہوں، پیپلزپارٹی کے پاس کوئی وژن نہیں نہ انہیں منزل کا پتا ہے۔
 

Advertisement