کاروباری برادری کی مشکلات دور کرنا حکومتی ذمہ داری ہے، وزیراعظم عمران خان

Published On 31 August,2020 08:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کی راہ میں حائل مشکلات دور کرنا، منافع بخش کاروبار کے لئے موافق فضا کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے امریکن بزنس کونسل کے وفد نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری ودیگر سینئر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وفد نے موجودہ حکومت کی جانب سے کاروباری برادری کے لئے سہولیات خصوصاً ایز آف ڈوئنگ بزنس کے حوالے سے متعدد اقدامات کو سراہا۔ وفد میں موجود مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی کمپنیوں کی کاروباری سرگرمیوں اور متعلقہ معاملات پر وزیراعظم کو بریف کیا۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور وہ اپنی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہیں۔ کاروباری طبقے کے لئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے وفد نے مختلف تجاویز وزیر اعظم کو پیش کیں۔

وزیراعظم نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ترجیحاتی بنیادوں پر تعمیرات کے شعبے کے لئے مراعات کا اعلان کیا تاکہ نہ صرف تعمیرات بلکہ اس سے وابستہ صنعتوں کا فروغ بھی ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کی گئی ہے تاکہ ایسی کاروباری سرگرمیوں کی راہ میں حائل مشکلات کو دور کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے وفد کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر مشیر تجارت اور مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ ان کا جائزہ لیا جائے تاکہ قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔

وفد نے امریکن بزنس کونسل کی جانب سے مزید 17 ملین روپے کا چیک وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ کے لئے پیش کیا۔ اس سے قبل کونسل کی جانب سے بیس ملین روپے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ کے لئے جمع کرائے گئے تھے۔
 

Advertisement