کلبھوشن یادیو کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمعرات کو سماعت ہوگی

Published On 02 September,2020 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کا خصوصی لارجربنچ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے لئے حکومتی وکیل مقرر کرنے کی درخواست پر جمعرات کو سماعت کرے گا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے سزا کے خلاف درخواست دائر کرنے سے انکار کیا۔ کلبھوشن یادیو بھارت کی معاونت کے بغیر پاکستان میں وکیل مقرر نہیں کر سکتا جبکہ بھارت بھی آرڈیننس کے تحت سہولت حاصل کرنے سے گریزاں ہے۔ عدالت حکم دے تاکہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق پاکستان کی ذمہ داری پوری ہو۔

کلبھوشن یادیو کیس کی گزشتہ سماعت پر ہائیکورٹ نے لارجر بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ گزشتہ سماعت میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کلبھوشن یادیو کے لئے قانونی معاونت اورنمائندہ مقرر کرنے کیلئے دفتر خارجہ کو بھارتی حکومت سے دوبارہ رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

عدالت کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کلبھوشن کو بھی مقدمے میں فریق بنایا جائے۔ دوسری جانب وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی عدالت میں بھارتی وکیل کسی صورت پیش نہیں ہو سکتا۔ بھارتی ہائی کمیشن کو کئی بار وکیل مقرر کرنے کے لیے کہا لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
 

Advertisement