لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بانی پاکستان محمد علی جناح بااصول، انصاف پسند اور جرأت مند مدبر تھے۔
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر پیغام میں وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ تحمل، برداشت اور رواداری پر مبنی پر امن معاشرے کا قیام بانی پاکستان محمد علی جناح کا خواب تھا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت بانی پاکستان کے خواب کو عملی تعبیر دینے کیلئے کوشاں ہیں، وزیراعظم عمران خان قائد کے خواب کی تعبیر کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا غریب اور امیر کیلئے ایک پاکستان بنانا عمران خان کا عزم ہے، انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قائد کے پاکستان کو عملی تعبیر دیں گے، ایسا پاکستان جہاں سب کو یکساں سماجی و معاشی انصاف ملے گا، قائد اعظم محمد علی جناح نے قوم کو ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے سنہری اصول اپنانے کی تلقین کی ہے، پاکستان کو آگے لیجانے کیلئے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر چلنا ہوگا۔