سی سی پی او کو شوکاز نوٹس جاری، 7 روز میں جواب طلب

Published On 12 September,2020 08:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سی سی پی او کو خاتون سے متعلق بیان پر شوکاز نوٹس بھیج دیا ہے جس کا جواب سات روز میں مانگا گیا ہے۔

موٹروے پر خاتون کیساتھ ہونیوالی زیادتی کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور آئی جی پنجاب انعام غنی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چند روز قبل سی سی پی او نے جو خواتین سے متعلق بیان دیا تھا وہ غیر مناسب تھا۔ انسپکٹر جنرل پنجاب انعام غنی نے اس کا نوٹس لے لیا ہے۔

سردار عثمان بزدار کا پریس کانفرنس کے دوران مزید کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس انعام غنی کی طرف سے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ( سی سی پی او) عمر شیخ سے سات روز کے دوران جواب مانگا گیا ہے۔

اسی پریس کانفرنس کے دوران انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس انعام غنی کا کہنا تھا کہ سی سی پی او عمر شیخ کے بیان پر پر شوکاز نوٹس بھیجا ہے، 7 دن کے اندر سی سی پی اوجواب دیں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل واقعے سے متعلق سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا کہناتھا کہ اکیلی خاتون کو آدھی رات میں موٹروے سے جانے کی ضرورت کیا تھی، وہ جی ٹی روڈ سےکیوں نہ گئيں جہاں آبادی تھی؟ ان کے اس بیان پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

تاہم شدید رد عمل کے بعد پریس کانفرنس کے دوران سی سی پی او عمر شیخ کا کہنا تھا کہ جس سے زیادتی ہوئی وہ ہماری اپنی بچی ہے، اس کیس کو مثالی بنائیں گے اور ہماری جو ذمہ داری ہے ہم اس کو پورا کریں گے۔
 

Advertisement