میٹرک کے نتائج 18 ستمبر کو جاری ہونیکا امکان

Published On 16 September,2020 08:04 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ایچ ای سی حکام کا کہنا ہے کہ تمام تعلیمی بورڈز کے نتائج تیار ہیں، سمری کے میٹنگ منٹس کا انتظار ہے۔ پیر یا منگل کو انٹرمیڈیٹ نتائج کا بھی اعلان کر دیا جائیگا۔

تفصیل کے مطابق کابینہ سے پروموشن پالیسی کی منظوری ملنے کے بعد 18 ستمبر جمعہ کے روز میٹرک کے نتائج جاری ہونے کا امکان ہے۔ پیر کے روز پنجاب کابینہ کی جانب سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ طلبہ کی پروموشن پالیسی کی منظوری دی گئی جس کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ جمعہ کے روز تمام تعلیمی بورڈز میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیں گے۔

ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام کا کہنا تھا کہ تمام بورڈز کی جانب سے نتائج پہلے ہی تیار ہیں، جیسے ہی منظور شدہ سمری کے میٹنگ منٹس واپس آئینگے، اگلے دن نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے حوالے سے حکام نے کہا کہ پیر یا منگل کے روز انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا بھی اعلان کر دیا جائے گا۔

اس سے قبل پنجاب تعلیمی بورڈز کمیٹی کے چیئرمین نے میٹرک کیلئے چودہ اور انٹرمیڈیٹ کیلئے سترہ ستمبر کی ڈیٹ دی تھی۔ تاہم پروموشن پالیسی کی منظوری نہ ملنے کی وجہ سے نتائج التوا کا شکار ہوئے۔

پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کلاسز میں مجموعی طور پر چالیس لاکھ بچوں کی رجسٹریشن ہوئی تھی۔ میٹرک کے امتحانات منعقد ہوئے تھے لیکن پریکٹیکل کورونا کی وجہ سے منسوخ کر دیئے گئے تھے۔

اسی طرح نویں جماعت کے چار پرچے منعقد ہوئے تھے جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات منعقد ہی نہیں ہو سکے تھے۔

 

Advertisement