لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ اے پی سی کا مطلب آل پاکستان لوٹ مار کمیٹی، لوٹی رقم کو بچانے کیلئے کرپٹ اشرافیہ کا گٹھ جوڑ ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ سارے چور اکٹھے ہو جائیں تو سمجھ لیں ایماندار تھانیدار آگیا، منی لانڈرنگ کیلئے قانون سازی سے انہیں اتنا مسئلہ کیوں ہے۔ جتنی مرضی اے پی سی کر لیں، این آر او نہیں ملنا۔ شریف خاندان سے زیادہ کوئی جھوٹ نہیں بول سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران اشرافیہ چاہتی تھی مکمل لاک ڈاؤن ہو، وزیراعظم نے مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا اورغریب کا سوچا۔ عمران خان نے شب و روز ایک کر کے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ وزیراعلی سندھ نے ڈھٹائی سے کہا کوئی بھوک سےمرتا نہیں دیکھا، اس بچےکی ویڈیو دیکھ لیں جس کا مرغا گندا پانی پینے سے مر گیا۔ شہباز گل نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں احساس پروگرام جیسا منصوبہ نہیں آیا، تحریک انصاف کی حکومت نے احساس پروگرام میں بلاتفریق عوام کی مالی معاونت کی۔