اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپوزیشن رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوٹ کو عزت دیتے ہو، پھر کہتے ہو ووٹ کو عزت دو، کورٹ کو عزت دو۔ سارے بھگوڑے لندن میں جمع ہیں۔ فیٹف قانون بننے کے بعد جیلیں ان کا مقدر ہیں۔
شیخ رشید احمد کا دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) قانون بننے کے بعد جیلیں ان سب کا مقدر ہیں، عدالتیں ضمانت دے دیں تو کچھ کہہ نہیں سکتا۔ ان کا برا وقت شروع ہونیوالا ہے۔ کیسز ان پر تلوار کی طرح لٹک رہے ہیں
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے داماد سمیت سب چھاؤنی ڈال کر لندن میں بیٹھے ہیں۔ ان کی تقریروں پر کوئی پابندی نہیں تھی، سب چینلوں نے دکھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ سارے گندے انڈے ایک ہی ٹوکری میں جمع ہو گئے ہیں۔ یہ سب مل بھی جائیں تو عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ نواز شریف کہتے ہیں کہ ووٹ کوعزت دو لیکن میں کہتا ہوں کورٹ کو بھی عزت دو۔