اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف مکمل صحتمند دکھائی دئیے، واضح ہو گیا کہ باہر جانے کیلئے بیماری کی شعبدہ بازی کی گئی، اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔
تفصیل کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) پر وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی دارلحکومت کا ماحول نارمل ہے، صرف کچھ سیاسی رہنما اکٹھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے آج کے بیان میں کوئی نئی بات نہیں کی۔ وہ 2018ء میں کیوں نکالا کی مہم میں بھی ایسی باتیں کر چکے ہیں۔ ان سے پوچھنا چاہیے کہ قومی اداروں کے خلاف بیانیہ کون دے رہا ہے؟
شبلی فراز نے کہا کہ فیٹف بل اور اداروں کی مخالفت مہم نواز شریف کی تقریر میں ظاہر تھی۔ اس پر بحث ہونی چاہیے کہ نواز شریف کو بیانیہ کس کی طرف سے دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کہا کہ انتخابات کو ‘’مینج’’ کیا جاتا رہا ہے لیکن وہ بھول گئے کہ وہ خود 3 بار وزیراعظم رہے، عمران خان تو پہلی بار وزیراعظم بنے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ خود اقتدار میں ہوں تو سب ٹھیک لیکن اپوزیشن میں ہوں تو جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے۔ نواز شریف باہر بیٹھ کر ہمارے ملک کے قانون کا منہ چڑا رہے تھے۔ وہ پاکستان کے خیر خواہ ہیں تو اربوں کی جائیدادیں بیچ کر پاکستان آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے منی ٹریل مانگنے کی بجائے خود قانون کے سامنے پیش ہوں۔ عمران خان نے تو 40 سال کی مکمل منی ٹریل دی ہے۔ سپریم کورٹ نے انھیں صادق اور امین قرار دیا۔
شبلی فراز نے کہا کہ نیب کا چئیرمین اپوزیشن کی دونوں جماعتوں نے مل کر لگایا۔ جب یہ حکومت میں تھے، تب نہ نیب کو ختم کیا اور اس کا قانون تبدیل کیا، اپنے خلاف کیسز بنتے ہی شور شرابا شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ سارا واویلا کرپشن کو پس پشت ڈالنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ اس اپوزیشن نے ملک کے ساتھ جو کھلواڑ کیا، اس کا خمیازہ آج بھگت رہے ہیں۔ وزیراعظم نے خود کہا کہ نواز شریف کی تقریر نشر ہونے دیں، میڈیا آزاد ہے، ہمیں بھی کیا کیا کچھ نہیں کہا جاتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے واضح ہدایات دی ہیں کہ میڈیا کے خلاف اقدام نہ کریں۔ اچھا ہوا نواز شریف کی تقریر براہ راست نشر ہونے سے یہ خود ایکسپوز ہوئے۔ قوم کو پتا چلا کہ ان کی باتوں میں کتنی منافقت ہے۔ نواز شریف مکمل صحتمند دکھائی دئیے۔ واضح ہوگیا کہ باہر جانے کیلئے بیماری کی شعبدہ بازی کی گئی۔