راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک افغان سرحد پر تعینات پاکستانی فوجی اہلکار رات گئے ہونے والی فائرنگ سے شہید ہو گیا، فائرنگ بارڈر پار افغانستان کی سرزمین سے کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ سیکٹر میں واقع پاکستانی چیک پوسٹ پر افغانستان سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا اہلکار صابر شاہ شہید ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان بارڈر مینجمنٹ کے مسئلے کو ماضی میں مسلسل اٹھاتا رہا ہے جس کا مقصد افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے طالبان اورامریکہ کے مابین مذاکرات کے بعد سے پاکستان کے خطے میں اثرورسوخ میں اضافہ ہوا ہے جو بھارت کو ہضم نہیں ہو رہا، ماضی میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے متعدد دہشتگردانہ کارروائیاں کی گئی ہیں جس کا ایک ثبوت بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو ہے جو پاکستانی سکیورٹی اداروں کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد دہشتگردی کے متعدد واقعات کا اعتراف بھی کر چکا ہے۔