شمالی وزیرستان: بارودی سرنگ دھماکے میں پاک فوج کا سپاہی شہید

Published On 12 September,2020 09:56 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ دھماکے میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک کے قریب بارودی سرنگ دھماکا ہوا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے باعث سپاہی ساجد شہید ہو گیا، جبکہ فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کی تین تاریخ کو شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی جانب سے سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ پھٹنے سے لیفٹیننٹ ناصر حسین، نائیک محمد عمران اور سپاہی عثمان اختر شہید، چار جوان زخمی ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: بارودی سرنگ پھٹنے سے پاک فوج کا لیفٹیننٹ اور دو جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں یہ بارودی سرنگ دہشتگردوں کی جانب سے بچھائی گئی تھی۔ بارودی سرنگ پھٹنے سے لیفٹیننٹ ناصر حسین اور 2 جوان شہید جبکہ 4 زخمی ہوئے۔

شہدا میں لیفٹیننٹ ناصر حسین، نائیک محمد عمران اور سپاہی عثمان اختر شامل ہیں۔ شہید لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد کا تعلق مظفر آباد، نائیک محمد عمران شہید کا تعلق فیصل آباد جبکہ شہید سپاہی عثمان اختر کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔

اہلکار گھریوم سیکٹر میں سڑک تعمیر کرنیوالی ٹیم کی حفاظت پر مامور تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 31 اگست کو جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 سیکورٹی اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ، 3 جوان شہید، 4 زخمی

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی، جس سے صوبیدار ندیم، سپاہی سلیم اور لانس نائیک مصور شہید ہوگئے، دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
 

Advertisement