لاہور: (دنیا نیوز) سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں مریم نواز کا کوئی پیغام لے کر نہیں گیا تھا۔
محمد زبیر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسد عمر کے بیٹے کے ولیمے میں آرمی چیف موجود تھے۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ جب اسلام آباد آئیں گے تو ملاقات ہوگی۔ جب ملاقات ہوئی تو میں نے ان سے کہا کہ میں نواز شریف یا مریم نواز کے کسی کیس کے لیے نہیں آیا۔
سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ نواز شریف یا مریم نواز نے ملاقات کرنے کا نہیں کہا تھا۔ میں کھانے پر گیا تھا، ہماری ڈسکشن ہوئی۔ پہلی ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی نہیں تھے تاہم دوسری ملاقات میں وہ موجود تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چالیس سال پرانے تعلقات ہیں۔ سمجھ میں نہیں کہ ترجمان پاک افواج کو یہ بات کیوں کرنا پڑی؟
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی ملاقات تب ہوتی اگر نواز شریف، شہباز شریف یا مریم نواز کو اس بارے میں پتا ہوتا۔ مریم نواز سے میری ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔