غیر ملکی سفیروں کی ایل او سی کے دورے کے حوالے سے تصاویر ٹویٹس

Published On 25 September,2020 10:44 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات ترکی و دیگر ممالک کے سفیروں نے ایل او سی کے دورے کے حوالے سے تصاویر ٹویٹس کیں، جن میں ایل او سی وزٹ کے بہترین انتظام پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا گیا۔

غیر ملکی سفارتکاروں کا کہنا تھا ہمارا ایل او سی کا دورہ بڑے منظم انداز میں ترتیب دیا گیا۔ یورپی یونین سفیر نے کہا ایل او سی تنازعے سے متاثرہ کچھ لوگوں سے بات چیت کا موقع ملا، برطانوی سفارت کار نے ایل او سی پر بھی تعلیم کی سہولیات کی مکمل فراہمی کا مشاہدہ کیا۔

ایرانی سفیر نے کہا ڈپلومیٹک کمیونٹی کو ایل او سی کا دورہ کرانے پر ڈی جی آئی ایس پی آر کے مشکور ہیں۔ آذر بائیجان کے سفیر نے واپسی پر خیر وعافیت اور محفوظ واپسی کا ٹویٹ کیا۔

خیال رہے گزشتہ روز بھارتی فورسز کی ایل او سی کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کیلئے مختلف ممالک کے سفرا اور دفاعی اتاشی‌ نے کنٹرول لائن کا دورہ کیا جہاں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے انہیں بریفنگ دی گئی۔

غیر ملکی سفیروں اور دفاعی اتاشیوں کا وفد ایل او سی کے جورا سیکٹر پہنچا، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بریفنگ میں بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، 2014 سے جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزیوں میں شدید اضافہ ہوا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کے ذریعے سول آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جاتا ہے، اشتعال انگیزیوں کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وتشدد کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کی، کشمیریوں کو ان کی سرزمین پر یرغمال بنا دیا گیا ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ رواں سال اب تک بھارت 2333 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے، بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں 18 سول افراد شہید اور 185 زخمی ہوئے۔
 

Advertisement