پنجاب حکومت نے شوگر ملوں کو بروقت ادائیگیاں کرنے کا پابند بنایا: عثمان بزدار

Published On 26 September,2020 10:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گنے کے کاشتکاروں کو 175 ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں یقینی بنائی گئیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ شوگر ملوں کو گنے کے کاشتکاروں کو بر وقت ادائیگیاں کرنے کا پابند بنایا گیا۔

عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گنے کے کاشتکاروں کو تقریباً 24 کروڑ روپے کی ادائیگی یقینی بنائی گئی، ماضی میں گنے کا کاشتکار سڑکوں پر احتجاج کرتا رہا لیکن اسے محنت کا معاوضہ نہیں ملا، سابق دور میں گنے کے کاشتکاروں کے ساتھ بے پناہ زیادتی روا رکھی گئی، پی ٹی آئی کی حکومت حقیقی معنوں میں کسان دوست حکومت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ غریب کسان طاقتور مافیا کے ہاتھوں یرغمال بنا رہا، تحریک انصاف کی حکومت نے کاشتکار کو اس کا حق واپس کیا ہے، آئندہ سیزن میں بھی گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا ثمر دیں گے، کاشتکاروں کے حقوق کا پہلے بھی تحفظ کیا ہے، آئندہ بھی کریں گے، کسی کو کسان کا حق نہیں مارنے دیں گے۔

 

Advertisement