اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کی مشکلات میں مزید اضا فہ ہو گیا۔ توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے اثاثوں کی چھان بین کیلئے دائرہ کار وسیع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق نیب نے ایل ڈی اے، ڈپٹی کمشنر لاہور، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اور نجی بینک سے سابق وزیر اعظم کے اثاثوں سے متعلق تفصیلات مانگ لی ہیں۔ ایل ڈی اے کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی لاہور میں 1550 کنال سے زائد اراضی کی دستاویز فراہم کی جائیں۔ نواز شریف کے زیر استعمال مرسیڈیز، لینڈ کروزر گاڑی، 2 ٹریکٹرز کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے نجی بنک میں سابق وزیراعظم کے نام پر ملکی اور غیر ملکی اکاونٹس کا ریکارڈ بھی حاصل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ نیب احتساب عدالت کے احکامات کی روشنی میں توشہ خانہ ریفرنس کی تحقیقات کر رہا ہے۔