اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئے افغان مفاہمتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے افغان امن عمل کے کامیاب نتائج کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا دورہ افغانستان کیساتھ باہمی تعلقات کے فروغ میں ایک نیا باب کھولنے میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں، ایک سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ خوشی ہے کہ عالمی برادری نے ان کے اس موقف کو تسلیم کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے افغانستان کے امن عمل کو آسان بنانے میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی تسلیم کیا۔ امن کی کوششوں میں امریکہ طالبان کا امن معاہدہ ایک اہم قدم تھا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے 12 ستمبر کو دوحہ میں انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ افغان قیادت اس تاریخی موقع کا بھوپور فائدہ اٹھائے گی۔
انہوں نے کہا امید ہے کہ افغان قیادت وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کے لیے مل کر تعمیری انداز میں کام کرے گی۔ جنگ بندی کے نتیجے میں ہونے والی تشدد میں کمی کے لئے تمام افغان جماعتوں کو کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ہونے والے اتفاق کی حمایت کرے گا۔ پاکستان افغان تنازع کے حل کے بعد بحالی اور معاشی ترقی میں بھی افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔