اسلام آباد/ واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور افغان امن عمل کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں امن واستحکام کیلئے کی جانے والی کاوشوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مائیک پومپیو کا دوران گفتگو کہنا تھا کہ مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے اور شراکت میں اضافے کا منتظر ہوں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں قیام امن کی کاوشوں میں پاکستان اور امریکا اتحادی ہیں۔ لویا جرگہ کے انعقاد سے بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی۔
انہوں نے افغان امن عمل کی کامیابی کیلئے بین الاافغان مذاکرات کے جلد انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کے مستقل سیاسی حل کیلئے معاونت جاری رکھیں گے۔
وزیر خارجہ نے مائیک پومپیو کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کو بھارتی غیر قانونی اقدامات کو ایک سال مکمل ہوا۔ اسی دن سیکورٹی کونسل میں کشمیر پر مباحثہ نے ایک بار پھر کشمیر کی متنازع حیثیت واضح کر دی۔ وزیر خارجہ نے مباحثے میں امریکا کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔