ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کورونا پھیلاؤ کا باعث، این سی او سی نے نوٹس لے لیا

Published On 02 October,2020 04:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کورونا پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں۔

تفصیل کے مطابق شادی ہالز اور ریسٹورنٹس میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے معاملے پر نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے نوٹس لیتے ہوئے تمام صوبوں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام صوبوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالے شادی ہالز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کسی کا غیر ذمہ دارانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کیسز بڑھنے کے بعد ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس، شادی ہالز اور سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا۔

کمشنر کراچی کے زیر صدارت اجلاس میں انکشاف ہوا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کمشنر کو بریفنگ دی گئی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس اور میرج ہالز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

اس موقع پر کمشنر کراچی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ خلاف ورزی کرنے ریسٹورنٹس اور میرج ہالز کو کم از کم تین دن بند کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میں تمام ریسٹورنٹس اور میرج ہالز چیک کریں۔

انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ سکولوں میں کورونا ٹیسٹنگ میں اضافہ کرتے ہوئے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انھیں بھی بند کیا جائے۔

اجلاس کا فیصلہ کیا گیا کہ پارکس میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ماسک کے بغیر کسی کو پارک میں داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام ڈپٹی کمشنر آج رات گئے تک کارروائی کی رپورٹ کمشنر کو پیش کریں گے۔
 

Advertisement