کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں میدان سیاست آج سرگرم ہے، کراچی اور حیدرآباد میں آج پاور شو کئے جائیں گے، پیپلز پارٹی شہر قائد میں ریلی نکالے گی، ایم کیو ایم حیدرآباد میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت آج کراچی میں یکجہتی ریلی نکالی جائے گی، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کہتے ہیں پیپلزپارٹی کراچی میں لسانی سیاست کی سازش کو ناکام بنائے گی، سعید غنی کا کہنا تھا کہ ریلی اتوار کی دوپہر دو بجے عائشہ منزل ڈسٹرکٹ سینٹرل سے نکالی جائے گی جو لیاقت آباد، تین ہٹی، گرومندر، پیپلز سیکریٹریٹ، لائنز ایریا سے ہوتی ہوئی ایمپریس مارکیٹ صدر پر اختتام پذیر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلی کا مقصد سندھ میں رہنے والی تمام قومیتوں اور زبانیں بولنے والوں کےخلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ سندھ میں رہنے والے تمام سندھی ہیں، چاہے وہ کسی بھی قومیت، زبان یا ملک کے کسی بھی حصے سے یہاں آباد ہوئے ہوں۔ سعید غنی نے ریلی کے شرکاء سے کورونا وائرس کے تناظرمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی اپیل بھی کی۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے آج سہ پہر حیدرآباد مارچ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی اور مقامی رہنما خطاب کریں گے۔ حیدر آباد مارچ کا آغاز آج سہ پہر سٹی گیٹ سے کیا جائے گا۔ مارچ کے شرکاء جیل روڈ، لبرٹی چوک، تلک چاڑی سے اسٹیشن روڈ کے راستے مارچ کرتے ہوئے زنانہ ہسپتال پہنچیں گے۔ حیدرآباد مارچ کی تیاریاں جاری ہیں، حیدرآباد مارچ کے حوالے سے شہر بھر میں استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور کارکنان پارٹی ترانوں کی دھنوں پر رقص کر رہے ہیں۔
دوسری طرف ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے رات گئے حیدرآباد مارچ کے حوالے سے نوجوانوں کا اجلاس ہوا جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اجلاس سے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما سابق مئیر وسیم اختر نے خطاب کیا۔