اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب کیس میں گرفتار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سیّد خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ میں سماعت 23 ستمبر کو ہوگی۔
سپریم کورٹ میں خورشید شاہ کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے، چیف جسٹس نے جسٹس عمرعطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ تشکیل دیدیا ہے جو 23 ستمبر کو خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا، عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل نیب اور خورشید شاہ کے وکیل میاں رضا ربانی کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔
پچیسویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواست پر سماعت بھی 23 ستمبر کو مقرر کر دی گئی ہے، جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں بنچ شہری ملک انوار اللہ خان کے فاٹا انضمام کیخلاف درخواست پر سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ نے سانحہ پشاور ازخودنوٹس 25 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے، عدالت نے جوڈیشل انکوائری رپورٹ پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر رکھا۔ سانحہ اے پی ایس ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا۔