ملک سے بھاگے شخص کو سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بنانا اداروں کی تضحیک: بابر اعوان

Published On 18 September,2020 10:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ ملک سے بھاگے ہوئے شخص کو سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بنانا اداروں کی تضحیک ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت پر رد عمل دیتے ہوئے مشیر برائے پارلیمانی امور نے آن لائن خطاب کو انقلاب، سیاسی شعبدہ بازی قرار دیدیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کا فون، نواز شریف نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کر لی

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آن لائن خطاب کا انقلاب کھانے کی میز سے آگے نہیں بڑھ سکتا، سیاست کیلئے فٹ عدالت کیلئے ان فٹ کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ نااہل, مطلوب اور اشتہاری نوازشریف اپوزیشن کی سیاست کو مزید تباہ کرے گا، ملک سے بھاگے ہوئے شخص کو سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بنانا اداروں کی تضحیک ہے، نواز شریف کی حیثیت سزا یافتہ مجرم سے زیادہ کچھ نہیں۔