اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کیلئے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے بدھ کے روز ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ حرمین شریفین کا تقدس ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
وزیر خارجہ نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مکمل حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں۔ علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ملکوں کا یکساں موقف خوش آئند ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اہم امور پر پاکستان اور ترکی کے موقف میں مماثلت خوش آئند ہے: وزیر خارجہ
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اس سے قبل ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اہم علاقائی اور عالمی امور کے حوالے سے پاکستان اور ترکی کے موقف میں مماثلت خوش آئند ہے۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کی جانب سے مسلسل واضح اور دو ٹوک موقف اپنانے پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے پچھترویں اجلاس میں جس طرح ترک صدر رجب طیب اردگان نے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔
ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں سمیت خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ کی طرف سے ترک ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی گئی۔