ریاض: ( ویب ڈیسک) مسجد حرام میں گاڑیوں کی آمد ورفت کے لیے نئے میکانزم اور مناسک عمرہ کا ورچوئل تجربہ کیا گیا۔ جنرل پریزیڈنسی الحرمین الشریفین کے ٹرانسپورٹ امور کے معاون اسامہ سمکری نے بتایا کہ انتظامیہ نے مسجد حرام میں گاڑیوں کی نقل و حرکت کے پیش نظر مسجد کے بیرونی مقامات میں متعدد مقامات پر پارکنگ سٹینڈ قائم کیے ہیں جہاں زائرین کو مفت کار پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اسامہ سمکری نے بتایا کہ مسجد حرام کے جنوبی اور مغربی اطراف سے آنے والے زائرین اور معتمرین کے لیے کدی پارکنگ سٹینڈ اور شاہ عبدالعزیز وقف کو پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے جب کہ مشرقی اور شمالی اطراف سے آنے والوں کے لیے الششہ خلف بن دائود پارکنگ مختص کیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مسجد حرام کے نمازیوں کو نئی احتیاطی تدابیر سے آگاہی کے لیے اعتمرنا موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے جس سے مسجد حرام کے نمازی اور معتمرین استفادہ کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کو استعمال کر کے زائرین اور معتمرین کی با آسانی مسجد حرام میں آمدورفت ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنرل آٹو موبائل سنڈیکیٹ نے مسافروں کی حفاظت اور صحت کے لیے پارکنگ، مسافر خانے اور بسوں کے لیے تمام احتیاطی تدابیر، سماجی فاصلے پر عمل پیرا ہونے کے اقدامات، ماسک پہننے اور تمام زائرین اور مسافروں کے لیے جراثیم کش سپرے کو لازمی قرار دیا ہے۔
ادھر حرمین شریفین کی جنرل پریزیڈینسی کی طرف سے مسجد حرام اور مسجد نبویﷺ میں آمد ورفت کے لیے زائرین عمرہ مناسک کا ورچوئل تجربہ کیا گیا ہے۔
حرمین شریفین کی جنرل پریزی ڈینسی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کی ہدایت پر انتظامیہ نے عمرہ زائرین کے مناسک عمرہ سعی اور دیگر مناسک کے موقعے پر ہنگامی ایس او پیز سے آگاہی کا مربوط پروگرام وضع کیا گیا ہے۔ مناسک عمرہ کے مقامات پر دن میں 10 بار جراثیم کش سپرے کیے جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے 450 کارکن مختص کیے گئے ہیں۔
مسجد حرام میں 2500 لیٹر جراثیم کش سپرے کیا جا رہا ہے جب کہ ہاتھوں سے مسجد حرام اور اس کے صحن کو صاف رکھنے کے لیے 300 رضاکاروں پر مشتمل عملہ کام کر رہا ہے، جس نے مطاف کے صحن سے تمام قالینوں کو ہٹا دیا ہے۔
زائرین کو کعبہ اور حجر اسود کے قریب جانے سے روک دیا گیا ہے۔ جب کی زم زم کے حصول کے لیے راستے اور سماجی فاصلوں کی نشاندہی کا انتظام کیا گیا ہے۔