پنک ریذیڈنسی ریفرنس، عبدالغنی مجید سمیت 17 ملزمان پر فرد جرم عائد، شہادتیں طلب

Published On 08 October,2020 01:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے پنک ریذیڈنسی ریفرنس میں عبدالغنی مجید سمیت 17 ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے استغاثہ سے 16 اکتوبر کو شہادتیں طلب کر لی ہیں۔ نیب ریفرنس کے دو ملزمان علی گل اور قربان علی کی بریت درخواستیں مسترد کر کے فرد جرم عائد کی گئی۔

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے پنک ریذیڈنسی ریفرنس میں عبدالغنی مجید کے دو شریک ملزمان علی گل اور قربان علی کی بریت درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا اور تمام ملزمان کی حاضری مکمل ہونے پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔ عبد الغنی مجید، محمد علی کلوٹ، سید محمد علی شاہ، ممتاز علی، محمد علی کلوٹ، علی گل اور قربان علی سمیت 15 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ دو ملزمان سہیل میمن اور مہتاب علی وڈیو لنک کے ذریعے عدالت پیش ہوئے اور حاضری لگوائی جس کے بعد تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا جس پر عدالت نے شہادتیں طلب کر لیں اور نیب کو 16 اکتوبر کو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے انہیں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔