لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ عدالت نے اشتہاری قرار دلوانے کے لیے نیب سے ابتدائی رپورٹ طلب کرلی۔
احتساب عدالت کے جج اسد علی نے نواز شریف سمیت دیگر کے خلاف پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی کیا رپورٹ آئی ہے جس پر نیب افسر نے بتایا کہ نواز شریف کے وارنٹ لندن میں ان کی رہائش گاہ پر وصول کرا دیئے ہیں، نواز شریف جان بوجھ کر ریفرنس کا سامنا نہیں کر رہے۔ جس پر عدالت نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق نواز شریف کے خلاف اشتہاری کی کاروائی شروع کی جاتی ہے۔
عدالت نے نیب سے نواز شریف کو اشتہاری قرار دلوانے کی ابتدائی رپورٹ طلب کر لی۔ احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس پر مزید کارروائی 15 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔