کراچی: (دنیا نیوز) کروڑوں روپے خرد برد کرنے کے الزام میں نیب نے کراچی کے علاقے کلفٹن سے محکمہ بلدیات کے 2 افسران کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان میں رحمت اللہ شیخ اور منظور عباسی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزمان پر مبینہ طور پر کروڑوں روپے خرد برد کا الزام ہے، ملزمان نے جعلی بلز کے ذریعے گھوسٹ کمپنیوں کو ادائیگیاں کی، رحمت اللہ شیخ کو کچھ عرصہ قبل وزیر اعلیٰ سندھ نے عہدے سے ہٹایا تھا۔
منظور عباسی نیب کے ایک کیس میں پہلے بھی پلی بارگین کر چکا ہے۔ ملزم کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے کے سلسلے میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب نے ڈی ایم سی ملیر اور ویسٹ کے بھی دو افسران کو حراست میں لیا تھا۔
دونوں افسران دو روز قبل ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرچکے تھے، دونوں کو حراست میں لینے کے بعد ضمانت ہونے کی وجہ سے چھوڑ دیا گیا۔