لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ فضل الرحمان نے مکس اچار پارٹی کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کی ٹھان لی، اس کردار کو بخوبی نبھانے پر مولانا کو 'مولانا نواز شریف زرداری' کا لقب ملا، نواز شریف کو سکیورٹی رسک قرار دینے والے آج ان کا دفاع کررہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایک وقت تھا جب مولانا فضل الرحمان عورت کی حکمرانی کے خلاف فتوے دیا کرتے تھے، قسمت کی ستم ظریفی دیکھئے، آج وہی مولانا تھالی کے بینگن کی طرح بیگم صفدر اعوان کے جانب لڑھک آئے ہیں، مولانا فضل الرحمان آل شریف کی کرپشن، منی لانڈرنگ، اقربا پروری اور قوم سے بیوفائی کو تحفظ دینے کے لیے میدان میں نکل پڑے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی سمیت بڑی پارٹیاں دو دن کی کال پر موچی دروازے، لیاقت باغ اور نشتر پارک میں لاکھوں کا مجمع اکٹھا کرتی تھیں، آج وہی پارٹیاں احتساب سے بچنے کے لیے مولانا نواز شریف زرداری کا کندھا لینے پر مجبور ہیں، عوام نے 2018 کے الیکشن میں بھی اور لاہور کے پہلے جلسے میں بھی انہیں مسترد کر کے ان کی حیثیت یاد دلا دی ہے، قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرنے پر حکومت کی جانب سے کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی جائے گی، قانون ہاتھوں میں لینے یا عدالتی، ریاستی اور جمہوری اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی صورت میں قانون حرکت میں آئے گا۔