ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی عدم دلچسپی کے باعث شاہ شمس اور ابن قاسم پارک کے جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں، درخت بھی بڑی تعداد میں کاٹ کر پارکوں کو اجاڑنے کی کسر پوری کر دی گئی ہے۔
ملتان میں شاہ شمس اور ابن قاسم پارک کی دیکھ بھال کی ذمہ داری پی ایچ اے کے ذمہ ہے لیکن دونوں پارک ہی متعلقہ حکام کی عدم دلچسپی کے باعث اجڑ چکے ہیں، شہریوں نے معاملے کا نوٹس لے کر دونوں پارکوں کی صورتحال کو بہتر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کورونا کے باعث پارکوں کو بند کیا گیا جس کا فائدہ اٹھا کر متعلقہ عملے نے کئی درخت کاٹ کر بیچ دئیے ہیں جس کے حوالے سے پی ایچ اے حکام کی منطق ہے کہ پارک کے اندر موجود بقایا درخت بھی گرین بیلٹس سے ہی لیے گئے ہیں جن کو نیلام کر کے حاصل کردہ رقم محکمے کے اکاونٹ میں جمع کرائی جائیگی۔
دونوں پارکوں کا ٹریک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے جن کی بحالی کیلیے بھی تاحال اقدامات نہیں کیے گئے۔