بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے خطے کو خطرات لاحق ہیں: معید یوسف

Published On 17 October,2020 12:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے خطے کو خطرات لاحق ہیں، عالمی امن کیلئے پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے، پاکستان خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہے، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، خطےمیں امن، ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات ترجیح ہے، اقتصادی راہداری خطے کی ترقی کا منصوبہ ہے۔

معاون خصوصی معید یوسف کا کہنا تھا عالمی امن کیلئے پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کر رہے ہیں، وزیراعظم نے کہا تھا بھارت ایک قدم بڑھائے گا تو ہم 2 بڑھائیں گے، مودی کسی اور سمت کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کے ثبوت ایک ایک کر کے گنوائے، بھارت نے دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ کو متاثر کیا، مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔

 

Advertisement