کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 22 کروڑ عوام کا مقدمہ سڑکوں پر لڑا جائے گا، شہر قائد کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ہوگا، باشعور عوام کل حکومت کیخلاف فیصلہ دیں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا غریب اور مزدور کا استحصال ہو رہا ہے، ملک میں بے روزگاری بڑھ گئی، افراط زر میں اضافہ ہوا، عوام مہنگائی، بیروزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں، وفاق کو آج ایس او پیز اور کورونا کا خیال آیا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا آصف زرداری کیسز پر پہلے گھبرائے نہ اب گھبرائیں گے، جمہوریت کی بقا کیلئے ہماری جنگ جاری ہے، شیخ رشید کے بیانات کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیئے، وہ ریلوے پر توجہ دیں، 2 سال میں ریلوے کا برا حال ہوگیا، پی ڈی ایم کا ایجنڈا جمہوریت کی بحالی ہے۔ انہوں نے کہا جزائر سے متعلق آرڈیننس واپس نہیں لیا گیا، وزیراعظم کو جزائر کے معاملات پر سندھ حکومت سے بات کرنی چاہیئے۔