کراچی: (دنیا نیوز) مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا عوامی مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں، وزیراعظم کو اپنی ذات کے آگے کچھ نظر نہیں آتا، این ایف سی میں جائز حق دیئے جائیں۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا گیس، تیل اور ایل پی جی کے نرخوں میں اضافہ آپ کے سامنے ہے، اتنے نا اہل ہیں 27 ماہ حکومت کے بعد ماضی کی حکومتوں کو مہنگائی کی وجہ قرار دے رہے ہیں، اگر پچھلی حکومت بری تھی تو 55 روپے فی کلو چینی تھی، اگر پہلے والے برے تھے تو ہمیں وہ برائی ہی چاہیے، انہوں نے غریب کے بچے سے اس کا دودھ چھین لیا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا وزیراعظم جو خود کو جمہوریت کہتے ہیں نہیں جانتے جمہور کیا کیا حال ہے، پاکستان کے جمہور کو یہ نیک اور خودپسندی پر یقین رکھنے والے لوگ نہیں چاہیں، پیپلزپارٹی جمہور کی خاطر 18 اکتوبر کو جلسہ کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا علی زیدی لاعلمی کا شکار ہیں، وہ ایک طرف کہتے ہیں جزیرے وفاقی حکومت کی ملکیت ہے جبکہ دوسری طرف علی زیدی کہتے ہیں کہ سندھ حکومت سے ہم نے جزیروں کی این او سی لی۔