اپوزیشن استعفے دیدے، حکومت ختم ہو جائے گی: مصطفیٰ کمال

Published On 09 October,2020 10:00 am

کراچی: (دنیا نیوز) مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اپوزیشن استعفے دیدے، حکومت ختم ہو جائے گی، ایک کے بعد ایک پریس کانفرنس مکمل ڈرامہ ہے، اپوزیشن حکومت گرانے جبکہ حکومت اقتدار بچانے میں لگی ہے، یہ ملک آٹو پر چل رہا ہے۔

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پوری قوم مایوس ہے، عوام نا امید ہوتے جا رہے ہیں، کسی قوم کو تباہ کرنا ہو تو اس کی امید ختم کر دو، یہ وہ شہر ہے جو پورے ملک کو ریونیو کما کر دیتا ہے، کراچی سے لیکر کشمور تک عوام کو پیپلزپارٹی پر اعتبار نہیں، کراچی میں 6 ماہ کےدوران ڈیڑھ لاکھ بچوں کو کتوں نے کاٹا، کسی کو سکولوں، سپتالوں اور پینے کے صاف پانی کی فکر نہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا میاں صاحب ! آپ جو گرین لائن دے کر گئے اسے پیپلزپارٹی مکمل نہ کرسکی، آپ کے دور میں شروع ہونیوالا کے فور آج تک مکمل نہ ہوسکا، 2 سال سے کے فور منصوبہ ڈیزائن کی خرابی کے باعث بند ہے، نواز شریف نے کبھی سندھ حکومت سے کراچی کی صورتحال کا پوچھا ؟ پاکستان میں اگر کسی کے پاس زیادہ پیسہ ہے تو وہ وزیراعلیٰ سندھ ہیں، ایک شخص پاکستان میں پاور فل ہے، وہ وزیراعلیٰ سندھ ہے۔