کراچی: (روزنامہ دنیا) پولیس نے لڑکے کا روپ دھار کر موٹر سائیکلیں چرانے والی لڑکی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
ملزمہ نے 3 رکنی گینگ سے مل کر وارداتیں کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ماڑی پور پی سٹاپ سے کراچی کی پہلی خاتون موٹر سائیکل لفٹر کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمہ کے 2 ساتھی فرار ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ 18 سالہ بینش عرف کٹو باکسر ہے اور وہ لڑکوں کے کپڑے اور کیپ پہن کر وارداتیں کرتی تھی۔
ملزمہ کا تعلق عرف دادا اور چھوٹو پر مشتمل 3 رکنی گینگ سے ہے، یہ ملزمان کراچی سے گاڑیاں چوری اور چھین کر بلوچستان لے جاتے تھے۔ ساتھی ملزم چھوٹو کی عمر 14 سال اور دوسرے کی عمر 20 سے زائد ہے۔
دوسری جانب لاہور سیالکوٹ موٹروے پر 26 سالہ لڑکی کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے، لڑکی کی لاش کی شناخت جویریہ کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق 26 سالہ جویریہ مظفر گڑھ کی رہائشی تھی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق معاملہ غیرت کے نام پر قتل کا لگتا ہے، پولیس نے مقتولہ کے والد اور بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔