لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کا جوڈیشل کمپلیکس ایک بار پھر میدان جنگ بن گیا، اقدام قتل کے مقدمے میں پیشی پر آئے فریقین آپس میں الجھ پڑے، ملزمان نے مدعی پارٹی پر دھاوا بول دیا جس سے 2 افراد معمولی زخمی ہوئے۔
ایڈیشنل سیشن جج ذوالفقار کی عدالت میں اقدام قتل کیس کی سماعت ہوئی، کمرہ عدالت کے باہر مدعی اور ملزمان کے درمیان جھگڑا ہو گیا، ملزمان نے تلخ کلامی کے بعد مدعیوں پر دھاوا بول دیا، دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کر دی، دونوں پارٹیوں کی لڑائی سے احاطہ عدالت میں بھگڈر مچ گئی۔
لڑائی جھگڑے کے باعث سجاد اور اقرارمعمولی زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد فراہم کی، پولیس اہلکاروں نے دونوں پارٹیوں کے افراد کو حراست میں لے کر تھانہ اسلام پورہ منتقل کر دیا۔