چیچہ وطنی: (دنیا نیوز) چیچہ وطنی میں معمولی تلخ کلامی پر جھگڑا 5 نوجوانوں کی جان لے گیا۔ جاں بحق ہونیوالوں میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
گذشتہ روز تین سگے بھائی اپنی گاڑی میں چک نمبر108بارہ ایل میں جارہے تھے کہ ثاقب جٹ، جس کا گھر راستہ میں ہے، اس پر گاڑی کی وجہ سے مٹی پڑ گئی ۔ جس پر دونوں گروپس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ۔
ذرائع کے مطابق آج تین سگے بھائی محمد اصغر ، بنٹو ، وسیم چھینا اوران کا کزن علی اسی رنجش پر ثاقب کے ڈیرے پر گئے اور اسکو مارتے ہوئے اس کے گھر کے سامنے لاکر فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا ۔ جس پر ثاقب کے بھائی کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور دوسگے بھائی محمد اصغر ، بنٹو موقع پرہی دم تو ڑ گئے جبکہ انکا تیسرا بھائی محمد وسیم چھینا ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ریسکیو ٹیم نے ثاقب جٹ کو طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال کے ایمر جنسی وارڈ میں شفٹ کیا۔ پولیس کی نااہلی لاپرواہی کی وجہ سے مقتولین کے دیگر ساتھیوں نے ایک بار پھر حملہ کرکے ثاقب کو ہسپتال کے ایمر جنسی وارڈ میں فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔
ہسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقع کے بعد پولسی کی بھاری نفری بھی ہسپتال میں پہنچ گئی۔ جاں بحق ہونیوالوں میں محمد اصغر، بنٹو، وسیم چھینا اور ثاقب جٹ شامل ہیں جبکہ علی نامی نوجوان بعد میں زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے چل بسا۔
تھانہ صدر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو اپنی تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ کے اندراج کیلئے کس پارٹی نے درخواست نہیں دی ۔