لاہور: (مدثرحسین سے ) گجرپورہ زیادتی کیس کے بعد اکیلی خواتین کا سفر محفوظ بنانے کیلئے موبائل ایپ بنا دی گئی۔ موبائل ایپ پر خواتین کے ایک ایس ایم ایس پر تمام فورسز کو الرٹ جاری ہو جائیگا۔
اگر خاتون کے موبائل فون میں بیلنس نہیں بھی ہو گا تب بھی تمام فورسز کو الرٹ ایس ایم ایس موصول ہو جائے گا۔ الرٹ کے بعد تمام فورسز مدد کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچنے کی پابند ہوں گی۔ موبائل ایپ آئندہ ہفتے شروع کر دی جائے گی۔
ایس ایم ایس متعلقہ تھانے کی پولیس، متعلقہ ایس پی، موٹروے پولیس، پیٹرولنگ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کو موصول ہو جائے گا۔ ایس ایم ایس الرٹ میں خاتون جس جگہ موجود ہوگی اس جگہ کا پتہ بھی شامل ہو گا۔ جو فورسز الرٹ کے باوجود موقع پر نہیں پہنچیں گی انکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی وقاص نذیر نے روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گجر پورہ جیسے واقعہ کی روک تھام کے لیے ہم نے یہ موبائل ایپ بنائی تاکہ روڈز پر سفر کرنے والی خواتین اپنے آپ کو اکیلا محسوس نہ کریں۔ ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ اس ایپ کا آئندہ ہفتے افتتاح کر دیا جائے گا، جس کے بعد خواتین اپنے موبائل پر یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اس سے استفادہ کر سکتی ہیں۔