ملتان: اندرون شہر کے اردگرد ہزاروں سال پہلے تعمیر تاریخی دروازے ٹوٹ پھوٹ کا شکار

Published On 18 October,2020 06:05 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں اندرون شہر کے اردگرد ہزاروں سال پہلے تعمیر کئے گئے تاریخی دروازے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے۔ تزئین وآرائش اور مرمت نہ ہونے کے باعث چھ دروازوں میں سے تین گر چکے ہیں جبکہ باقی بھی تباہی کے دہانے پر ہیں۔

اندرون شہر کی حفاظت کیلئے ہزاروں سال پہلے تعمیر کی گئی 20 فٹ اونچی فصیل اور اس کے ساتھ لگائے گئے تاریخی دروازے اب انتہائی بوسیدہ حالت میں ہیں۔

بلند بالا فصیل کیساتھ چھ دروازے تھے جن میں سے تین دروازے پاک گیٹ، دولت گیٹ اور لوہاری گیٹ اب گر چکے ہیں جبکہ حرم گیٹ، بوہر گیٹ اور دلی گیٹ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ تاریخی ورثہ تباہ ہونے سے علاقہ مکین بھی افسردہ ہیں۔

محکمہ آثار قدیمہ کے مطابق تاریخی دروازوں کو بچانے کیلئے ان کی مرمت اور تعمیر نو لازمی ہے تاہم اس قدیم ورثے کی تزئین آرائش کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز درکار ہیں جس کیلئے کئی مرتبہ ضلعی انتظامیہ کو درخواست بھی کی ہے تاہم شنوائی نہ ہونے پر اپنی مدد آپ کے تحت فندز تلاش کر رہے ہیں۔

خستہ حال دروازوں کی مرمت اور قدیم فصیل کی تزئین آرائش پر ہی اندرون شہر کی خوبصورتی کا انحصار ہے جس کے بغیر ثقافتی ورثے کو محفوظ نہیں کیا جا سکتا۔

 

Advertisement